راولپنڈی:جب جنگیں صرف توپ و تفنگ تک محدود نہ رہیں، تو پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا کہ سائبر میدان میں بھی وہ بھرپور قوت کا حامل ہے۔ "آپریشن بنیان مرصوص" کے تحت پاکستانی سائبر ٹیم نے بھارت کے حساس ڈیجیٹل نظاموں کو نشانہ بنا کر نہ صرف ایک بڑی حکمت عملی کا مظاہرہ کیا بلکہ دشمن کو سائبر محاذ پر بےبس بھی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، اس آپریشن میں بھارتی قومی اور ریاستی پاور گرڈز، فضائیہ کے مواصلاتی نظام، وزارت دفاع، ریلوے نیٹ ورک، اور کئی دیگر کلیدی ادارے ہیکنگ کا نشانہ بنے۔ ملک بھر میں بجلی کی بندش سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے، اور درجنوں اہم سرکاری ویب سائٹس غیر فعال ہو گئیں۔
یہ حملہ صرف تکنیکی لحاظ سے نہیں بلکہ اسٹریٹیجک پیغام رسانی کے طور پر بھی اہم ہے۔ پاکستان نے دنیا کو باور کرایا کہ وہ سائبر محاذ پر بھی ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
اخبر ذرائع کے مطابق، پاکستان کی سائبر ٹیم نے بھارت کے پاور ڈسپیچ سینٹرز، پیٹرولیم انفراسٹرکچر، ایئر فورس کمیونیکیشن، اور ریلوے نیٹ ورکس کو ہیک کر کے نہ صرف اہم نظاموں کو مفلوج کر دیا بلکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل کر دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق، بھارت کی ریاستوں اترپردیش، جموں و کشمیر، مہاراشٹرا، پنجاب اور کرناٹک میں ہزاروں پاور فیڈرز متاثر ہوئے، جبکہ دہلی، ممبئی اور کولکتہ کے ہوائی اڈوں کے سرورز اور مواصلاتی نظام بھی ہیکنگ کا شکار بنے۔
اس آپریشن کے دوران HPCL اور IGPL سمیت 4400 سے زائد عوامی اور حکومتی راؤٹرز ہیک کیے گئے، جبکہ 3500 سی سی ٹی وی کیمروں تک رسائی حاصل کر کے نگرانی کے نظام کو بھی غیر مؤثر کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سائبر حملہ پاکستان کی جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور حکمت عملی کی کامیاب مثال ہے، جو دشمن کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔
آپریشن بنیان مرصوص اب ایک نئی سائبر جنگی حکمت عملی کی علامت بن چکا ہے، جو دفاع کے جدید اصولوں کو ازسرِ نو متعین کر رہا ہے۔