Get Alerts

پہلگام فالس فلیگ آپریشن: بھارت کو تاریخی رسوائی کا سامنا، 'آپریشن بنیان مرصوص' نے مودی کا جنگی جنون خاک میں ملا دیا

پہلگام فالس فلیگ آپریشن: بھارت کو تاریخی رسوائی کا سامنا، 'آپریشن بنیان مرصوص' نے مودی کا جنگی جنون خاک میں ملا دیا

اسلام آباد/ راولپنڈی: بھارت کی جانب سے اپنی سیکیورٹی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے رچایا گیا "پہلگام فالس فلیگ آپریشن" نئی دہلی کے لیے عبرت ناک رسوائی کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے۔ حق پر ڈٹے پاکستان نے بھارتی جارحیت کا وہ منہ توڑ جواب دیا ہے جس نے مودی سرکار کے دانت کھٹے کر دیے ہیں۔
بھارت نے اپنی اندرونی سیکیورٹی کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا سہارا لے کر جنگی جنون کو ہوا دی، لیکن اسے ہر محاذ پر شکستِ فاش کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی قومی و عسکری قیادت نے کمال جرات اور حکمتِ عملی سے کام لیتے ہوئے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے کیے گئے جوابی دفاعی اقدام 'آپریشن بنیان مرصوص' کے غازیوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا وہ مظاہرہ کیا کہ دشمن کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، اس کامیاب جوابی کارروائی نے مودی کے جنگی عزائم کو ایسا جلا کر راکھ کیا ہے کہ اسے دنیا بھر میں جگ ہنسائی کا سامنا ہے۔
دشمن کی دھمکیوں کے سامنے پوری پاکستانی قوم ایک سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ بے مثال یکجہتی کا اظہار کیا، جس نے ثابت کر دیا کہ جب بات وطنِ عزیز کی سلامتی کی ہو تو پوری قوم ایک جان اور ایک قالب ہے۔ پہلگام آپریشن کا ڈرامہ بے نقاب ہونے کے بعد بھارت کو بین الاقوامی سطح پر شدید شرمندگی اٹھانا پڑ رہی ہے۔ پاکستان نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی سالمیت پر آنچ آنے کی صورت میں دشمن کے 'سندور کو تندور' میں جھونکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

ٹیگز: