راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستانی قوم، خاص طور پر نوجوانوں اور طالبعلموں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، اور دشمن کے اسٹریٹجک نظریات کو ہمیشہ کے لیے ناکام بنا دیا۔
یہ بات انہوں نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں ان کا یونیورسٹی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے دشمن کے خلاف آپریشن کی حکمت عملی، قربانیوں اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے گہرے رشتوں میں جُڑے ہوئے ہیں، چند شرپسند عناصر ان رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
اس موقع پر طالبات اور یونیورسٹی انتظامیہ نے پاک فوج کو دشمن کے خلاف کامیاب حکمت عملی پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور اظہارِ یکجہتی کیا۔ طالبات نے کہا کہ "ہم پاک افواج کا حصہ ہیں، اور پاک افواج عوام کی طاقت سے مضبوط ہیں۔"
شرکاء نے پاک فوج اور عوام کے درمیان لازوال رشتے کو سراہتے ہوئے ایسے سیشنز کو تسلسل سے منعقد کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا، تاکہ نئی نسل کو قومی دفاع سے متعلق شعور اور اعتماد حاصل ہو۔