اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری، ڈھائی ہزار فلسطینی شہید

اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری، ڈھائی ہزار فلسطینی شہید
سورس: File

غزہ: اسرائیل  کی غزہ پر وحشیانہ  بمباری تا حال جاری ہے۔  گزشتہ 24گھنٹے میں اسرائیلی فورسز کی بمباری سے 410 فلسطینی شہید ہوئے جب کہ اب تک اسرائیلی بمباری سے شہید نہتے فلسطینیوں کی تعداد ڈھائی ہزارہوگئی  اور 9 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔ 


اسرائیل ہزاروں ٹن بارود غزہ پر گراچکا ہے جس کے نتیجے میں جانی نقصان کیساتھ ساتھ غزہ میں سیکڑوں گھر بھی تباہ ہوچکے ہیں۔ 


غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری میں شہید اور زخمیوں سے غزہ کے اسپتال بھر گئے ہیں اور شہدا کی میتیں اسپتال کے صحن میں رکھی گئی ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے لوگوں کو 24 گھنٹے کے اندر اندر نقل مکانی کرنے کی وارننگ دینے کے باوجود اسرائیلی افواج نے غزہ سے نقل مکانی کرنے والے قافلوں کو بھی نشانہ بنایا۔ 

دوسری جانب حماس کی طرف سے کیے گئے حملوں میں 1,300 سے زائد اسرائیلی  لوگ مارے گئے اور 150 اسرائیلی شہریوں کو یرغمال بنایا گیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ پر مکمل ناکہ بندی کے نتیجے میں ایندھن، خوراک اور پانی ختم ہو گیا ہےاور ہسپتالوں میں ضروری امداد کی اشیا ختم ہوتی جا رہی ہیں جبکہ اسرائیل نے غزہ کے آخری اور  چوتھے ہسپتال کو بھی خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ نے اپیل کی ہے کہ اس انخلا کو  رکوایا  جائے کیوں کہ اس سے کئی ہزار مریضوں کی جانیں خطرے میں پر سکتی ہیں۔ 

اسرائیل نے غزہ میں امدادی سامان جانےسے روک دیا، مصر اور غزہ کے درمیان  رفاہ کراسنگ پوائنٹ پر امدادی سامان سے لدی گاڑیوں کی قطاریں لگی ہیں۔  غزہ کے لیے امداد لے کر جانے والا ترک طیارہ  بھی مصر کے العریش ہوائی اڈے پر پہنچ گیا۔  ترک ہلال احمر امداد کو ٹرکوں پر لاد کر رفح کراسنگ کے ذریعے جلد از جلد غزہ پہنچنے کی کوشش میں ہے۔ 

ساتھ ہی ساتھ  لندن،  نیو یارک، پیرس اور دیگر یورپی شہروں میں فلسطینیوں کی لیے آوازیں بلند ہونے لگیں، ہزاروں کی تعداد میں مسلمان لندن کی سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ کے فلسطینیوں کے لیے نعرے بازی کی گئی، جنگ فوری رکوانے کا مطالبہ کیا گیا۔