راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 31 بھارتی حمایت یافتہ خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 13 اور 14 ستمبر کو لکی مروت اور بنوں کے علاقوں میں کی گئیں۔ لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 بھارتی پراکسی یافتہ خوارج مارے گئے۔
اسی طرح، بنوں میں کی گئی دوسری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 17 مزید خوارج کو ہلاک کر کے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج بھارتی سرپرستی میں کی جانے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 10 سے 13 ستمبر کے دوران بھی خیبرپختونخوا میں دو مختلف آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ "الخوارج" سے تعلق رکھنے والے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔