دوحہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
صدر اردوان نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان ملکوں کی طرف سے قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کا سلسلہ رکا نہیں ہے اور اسرائیل سمجھتا ہے کہ اسے کوئی نہیں روک سکتا۔
ترک صدر نے صیہونی حکومت کی کھلی جارحیت اور جرائم پر کسی قسم کی رعایت نہ دینے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نسل کشی، قبضہ، بھوک اور تشدد اسرائیل کی پالیسی ہے، اور مسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے آگے بڑھنا ہوگا تاکہ اس ظلم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔