مدینہ منورہ : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ جدہ سے مدینہ منورہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مسجد نبویﷺ میں حاضری دی اور روضہ رسولﷺ کی زیارتِ خاص کا شرف حاصل کیا۔مدینہ منورہ پہنچنے پر ہوائی اڈے پر گورنر مدینہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی حکام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
وزیراعظم کے لیے روضہ رسولﷺ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، جہاں انہوں نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دی۔ وزیراعظم نے بارگاہِ رسالت مآبﷺ میں درود و سلام پیش کیا اور زیارتِ خاص کا شرف حاصل کیا۔
انہوں نے مسجد نبویﷺ اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور خالقِ کائنات کے حضور ملکی استحکام کے لیے گڑگڑا کر دعائیں مانگیں۔وزیراعظم نے روضہ رسولﷺ پر قیام کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی، سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی طور پر دعا کی۔ انہوں نے دنیا بھر، بالخصوص مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں اور عالمی امن و استحکام کے لیے بھی دعا کی۔