مسئلہ کشمیر کو عالمی مسئلہ تسلیم کرنے پر سلامتی کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہیں، وزیر خارجہ

مسئلہ کشمیر کو عالمی مسئلہ تسلیم کرنے پر سلامتی کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہیں، وزیر خارجہ
کیپشن: Image Source: Shah Mehmood Qureshi Twitter Account

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی مسئلہ تسلیم کرنے پر سلامتی کونسل کے اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے راستے میں بھارت نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ اس اہم اجلاس کو روکنے کے لئے آج صبح تک بھارت کی کوششیں جاری تھیں لیکن اجلاس بلانے پر میں سلامتی کونسل کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

 

وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آج ایک تاریخی دن ہے۔ بھارت نے مختلف بہانوں سے دنیا سے کشمیر کے مسئلے کو اوجھل رکھا۔ 1965ء کے بعد پہلی مرتبہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔

 

سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ سلامتی کونسل میں تاریخی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید اقدامات پر غور کریں گے۔

 

اس موقع پر مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے میں کردار ادا کرنے کیلئے وزیر خارجہ نے پاکستانی میڈیا کیساتھ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا نے حقائق سامنے رکھے اور بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب کیا۔

 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کب تک کشمیر میں پابندی لگائے گا۔ میں بھارت کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹائے، قیدیوں کو رہا کرے پھر دیکھے کیا ہوتا ہے۔

 

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ میں بھارت سے ہرگز رابطہ نہیں کروں گا، وہ قاتل ہیں، جابر ہیں، جارحیت بھارت نے کی ہم نے دفاع کیا۔