Get Alerts

پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہی، 250 سے زائد جاں بحق

پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہی، 250 سے زائد جاں بحق

پشاور:پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں، بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ مختلف حادثات میں اب تک 250 سے زائد افراد جان  بحق جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔

بونیر میں سب سے زیادہ نقصان ہوا جہاں 213 افراد جاں بحق ہوئے اور کئی لاپتا ہیں۔ مانسہرہ میں سیلابی ریلے اور تودے گرنے کے واقعات میں 20 افراد ہلاک ہوئے۔ باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 21 افراد جان سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔

سیلاب نے کئی گاؤں بہا دیے، مکینوں کے گھر زمین بوس ہو گئے، جانور اور گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں۔ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔


آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سیلابی ریلے دریا پر بنے 6 رابطہ پل بہا لے گئے۔ مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مظفر آباد میں کلاؤڈ برسٹ سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت مجموعی طور پر 8 افراد ہلاک ہوئے۔

گلگت بلتستان میں بھی سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی ہے۔ اسکردو میں 5 پل بہہ گئے اور چلاس کے اوچھار نالے میں متعدد افراد بہہ گئے۔

حکام نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور عوام سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ٹیگز: