Get Alerts

پی ڈی ایم اے پنجاب کا انتباہ: بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ

پی ڈی ایم اے پنجاب کا انتباہ: بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ

لاہور:پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ ہے۔ ادارے نے مون سون فلڈ کی صورتحال پر فیکٹ شیٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مری، راولپنڈی، سیالکوٹ اور بہاولپور میں بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل زیادہ شدید اور طاقتور ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کو مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دریائے سندھ میں تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے جبکہ کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب، جہلم اور راوی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ رودکوہیوں اور ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح نارمل ہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تربیلا ڈیم 98 فیصد اور منگلا ڈیم 68 فیصد تک بھر چکے ہیں۔ بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تاہم رواں سال اب تک 164 افراد جاں بحق، 582 زخمی، 216 گھر متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ٹیگز: