Get Alerts

کے پی اور بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب الرٹ، اہم اجلاس

کے پی اور بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب الرٹ، اہم اجلاس

لاہور : پی ڈی ایم اے پنجاب نے خیبر پختونخوا اور ملک کے بالائی علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس ہوا، جس میں پوٹھوہار ریجن اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈی سیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ تین روز میں پنجاب میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی پنجاب میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خطرہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ٹیموں کو حساس مقامات پر تعینات کیا جائے اور ریسکیو، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب اضلاع کو تمام تر وسائل فراہم کرے گا اور صوبے میں موسمی صورتحال کی نگرانی کے لئے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ہسپتالوں میں عملے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کو موسلادھار بارشوں سے متعلق پیشگی آگاہی فراہم کی جائے گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے تعاون کی درخواست کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ ہنگامی صورتحال سے بہتر طریقے سے نمٹا جا سکے۔

ٹیگز: