Get Alerts

سپارکو کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ لانچ ہو گیا

سپارکو کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ لانچ ہو گیا

اسلام آباد: پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ مدار میں پہنچ گیا ہے اور اپنی اعلیٰ کارکردگی سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

پاکستان اسپیس اینڈ اپر اٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اس جدید سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ اور مکمل فعال ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیٹلائٹ نے فوری طور پر زمینی اسٹیشنز کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم کر لیا ہے اور ہائی ریزولوشن تصاویر بھیجنا شروع کر دی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر کی ترقی، اور علاقائی ترقی کے لیے اہم معلومات فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، قدرتی آفات جیسے سیلاب، زلزلے، اور زمین کے کھسکنے کی صورتحال میں بروقت ڈیٹا فراہم کر کے فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے گا۔

سیٹلائٹ ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی معاون ثابت ہوگا، جس میں گلیشیئر کے پگھلنے، جنگلات کی کٹائی، اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی نگرانی شامل ہے۔ زرعی شعبے میں بھی اس سے پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

یہ سیٹلائٹ قومی ترقیاتی منصوبوں جیسے چین پاکستان اکنامک کوریڈور میں اہم معلومات فراہم کرے گا، جس سے ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کی نقشہ سازی اور جغرافیائی خطرات کی نشاندہی ممکن ہو گی۔

سپارکو کے ترجمان نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی میں نمایاں پیش رفت کا ثبوت ہے اور ملک کے قومی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کرتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ سیٹلائٹ 31 جولائی 2025 کو چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی سے مدار میں بھیجا گیا تھا۔
 
 

ٹیگز: