کراچی : پاکستان نے اپنے خلائی پروگرام میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ریمو سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ لانچ کر لیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مدار میں روانہ کیا گیا۔
سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کی زمینی مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گی، جو کہ زرعی پیداوار، انفراسٹرکچر، اور آبادی کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے ذریعے پاکستان قدرتی آفات جیسے سیلاب اور زلزلے کی پیشگوئی کے علاوہ گلیشیئرز اور جنگلات کی نگرانی بھی کر سکے گا، جس سے آفات سے بچاؤ کے اقدامات کیے جا سکیں گے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ ماحولیات اور قدرتی وسائل کے بہتر انتظام میں بھی مدد گار ثابت ہوگا۔ اس کی مدد سے سی پیک اور دیگر قومی منصوبوں کو جغرافیائی ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ پاکستان کی قومی خلائی پالیسی اور ویژن 2047ء کے تحت ہے، جو ملک کو خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر ایک مضبوط مقام دلانے کی کوششیں کر رہا ہے۔