کراچی : کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیر کی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لیاری کے علاقے نیا آباد میں ایک رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا وقت رات 12 بج کر 51 منٹ تھا، شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 12 کلومیٹر بتائی گئی۔ زلزلے کا مرکز کراچی سے 87 کلومیٹر دور بلوچستان کے علاقے سومیانی کے قریب تھا۔
بلوچستان کے شہر سبی اور اس کے گردونواح میں بھی چند گھنٹے قبل زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے، جن کی شدت 3.2 تھی۔
زلزلے کے بعد لیاری کے مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ ابتدائی معائنے کے مطابق عمارت کو زلزلے سے کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا، تاہم تفصیلی جائزہ جاری ہے۔
بلوچستان کے دیگر علاقوں وندر، حب، گڈانی اور سومیانی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔