اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءفیصل واوڈا کی خالی نشست پر انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سابق سینیٹر اور پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا کی خالی نشست پر انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق 9 مارچ کو سندھ اسمبلی کی عمارت میں پولنگ ہو گی۔
یاد رہے کہ فیصل واوڈا سندھ سے تحریک انصاف کی نشست پر 3 مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کیس میں انہیں نااہل قرار دیتے ہوئے بطور سینیٹر نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا 2 ماہ میں تمام مالی مفادات اورمراعات واپس کریں، انہوں نے جرم چھپانے کیلئے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا۔
یاد رہے کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحیات نااہلی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اور ان کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔
فیصل واوڈا نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 63 ون ایف کے تحت نااہل کیا تاہم اس معاملے میں آئینی تقاضے پورے نہیں کئے گئے اور مجھے مکمل طور پر سنے بغیر فیصلہ سنایا گیا۔