کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹ فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ کی جانب سے اسٹیٹس اپ ڈیٹ کو ٹاپ ایپ بار میں شامل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔
ٹاپ ایپ بار وہ جگہ ہے جہاں پروفائل آئیکون دکھائی دیتا ہے اور اس جگہ سے آپ اسٹیٹس تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس فیچر کے ذریعے وہ افراد جن سے آپ سب سے زیادہ چیٹ کرتے ہیں، ان کے اسٹیٹس چیٹ ٹیب میں سب سے اوپر نظر آئیں گے، جس سے آپ کو چیٹ ٹیب سے نکلے بغیر اسٹیٹس دیکھنے کا موقع ملے گا۔
رپورٹ کے مطابق، کمپنی اس فیچر کے ذریعے اسٹیٹس اپ ڈیٹس تک فوری رسائی فراہم کرنے کے مختلف طریقوں کو آزما رہی ہے۔ چیٹ بار میں نیچے اسکرول کرنے پر بھی کانٹیکٹس کے اسٹیٹس اپ ڈیٹس ایک قطار میں نظر آئیں گے، جیسا کہ پہلے اسٹیٹس ٹیب میں ہوتا تھا، مگر جن کانٹیکٹس کو آپ نے ہائیڈ کیا ہوا ہوگا، ان کے اسٹیٹس آپ کو نظر نہیں آئیں گے۔
یہ فیچر ابھی آزمائشی مراحل میں ہے اور بیٹا (beta) صارفین کو بھی دستیاب نہیں، لہٰذا یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔