Get Alerts

سونا مزید مہنگا ہوگیا، فی تولہ قیمت میں 400 روپے کا اضافہ

سونا مزید مہنگا ہوگیا، فی تولہ قیمت میں 400 روپے کا اضافہ

کراچی: ملک میں سونے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 400 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 25 ہزار 436 روپے فی تولہ ہوگئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 343 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 64 ہزار 742 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں 4 ڈالر فی اونس اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد عالمی سطح پر سونے کی قیمت 4 ہزار 30 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں چاندی کے نرخ میں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی اونس قیمت 1.34 ڈالر کم ہو کر 56.76 ڈالر ہوگئی۔ پاکستان میں بھی چاندی کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، فی تولہ چاندی 134 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 155 روپے کی ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 115 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 276 روپے ہوگئی۔

صرافہ مارکیٹ کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے، جس کے باعث سونے کے نرخوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمت میں اضافے کی اہم وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی قیمتیں، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کا محفوظ اثاثے کے طور پر سونے کی خریداری کی جانب بڑھتا رجحان شامل ہیں۔
 
 

ٹیگز: