اسلام آباد :ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعے کے باعث فضائی سفر شدید متاثر ہو رہا ہے، اور کئی ممالک نے حفاظتی اقدامات کے تحت پروازیں منسوخ یا مؤخر کر دی ہیں۔
پاکستان میں اب تک 16 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ متعدد میں تاخیر ہو رہی ہے۔ کراچی سے جدہ، مشہد، بغداد اور تہران جانے والی 8 پروازیں منسوخ کی گئیں، جب کہ اسلام آباد سے نجف جانے والی دو غیر ملکی پروازیں بھی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے روانہ نہیں ہو سکیں۔ اسی طرح جدہ، دبئی، بحرین اور راس الخیمہ سے اسلام آباد آنے والی پروازیں بھی ایک سے پانچ گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہیں۔
ایران اور اسرائیل کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر سعودی ایئرلائن نے 16 اور 17 جون کو ایران اور عراق کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ قطر ایئرویز نے ایران، عراق اور شام کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن وقتی طور پر معطل کر دیا ہے۔
یو اے ای کی ایئرلائنز نے اسرائیل، ایران اور عراق کے لیے پروازیں 20 جون تک بند کر دی ہیں ، جرمن ایئرلائن نے بھی اسرائیل، عراق، ایران، عمان اور لبنان کے لیے اپنی تمام پروازیں روک دی ہیں اس کےعلاوہ ترک ایئرلائن نے 19 جون تک ایران کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔