اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے میں علماء کرام کا کردار انتہائی اہم ہے، جبکہ محرم الحرام کے دوران امن قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
قومی پیغام امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اس فورم سے ملک بھر کے لیے اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام جانا چاہیے۔ انہوں نے قومی پیغام امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کو ضلعی سطح پر مزید فعال بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ قرآن و حدیث کی روشنی میں فتنوں کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منبر و مسجد سے صرف اتفاق، یگانگت اور امن کا پیغام جانا چاہیے، جبکہ فرقہ واریت سے بچنا ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے اہم کردار ادا کیا، اور ملک میں امن و استحکام کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔