اسلام آباد: پاکستان اور چین نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے فہم و تفاہم پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
یہ بات پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سامنے آئی۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں پر چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے چین کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں اور ثالثی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں اور بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا۔