اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بونداباندی اور ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
جن اضلاع میں بارش متوقع ہے ان میں جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور نواب شاہ شامل ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کے لیے بھی موسم سے متعلق تازہ پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں آج رات مختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اور جمعرات کو کراچی کا موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں بونداباندی کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس صورتحال کے باعث گرمی کی شدت میں معمولی کمی متوقع ہے۔
پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تازہ ترین اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔