نواز شریف کا ضمانت سے قبل اسپتال جانے سے انکار

نواز شریف کا ضمانت سے قبل اسپتال جانے سے انکار
کیپشن: نواز شریف نے طبی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق ہمارے خط کا زبانی جواب دے دیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمانت سے قبل علاج کی غرض سے اسپتال جانے سے انکار کر دیا.ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب فضیل اصغر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف نے طبی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق ہمارے خط کا زبانی جواب دے دیا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ ضمانت سے قبل علاج کی غرض سے اسپتال نہیں جائیں گے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری کا کہنا تھاکہ نوازشریف کی اسپتال منتقلی کے لیے مختلف شخصیات کے ذریعے کوشش کی گئی، ان کے لیے اسپتال میں فل لوڈڈ ایمبولینس اور ڈاکٹر موجود رہتا ہے، ایمبولینس میں زندگی بچانے والی ادویات اور طبی سہولتیں موجود ہیں جب کہ نواز شریف کی بیرک میں ایک مشقتی کے علاوہ خصوصی گارڈ بھی تعینات کردیا گیاہے جو سابق وزیراعظم کی طبعیت سے متعلق جیل انتظامیہ کو آگاہ کرے گا۔

فضیل اصغر نے مزید بتایا کہ نواز شریف کو صبح سے شام 5 بجے تک چہل قدمی کی اجازت ہوتی ہے، انہیں 5 بجے کے بعد سیل میں بند کردیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کے باعث لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔