پشاور زلمی کی 12 رنز سے فتح، اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی

پشاور زلمی کی 12 رنز سے فتح، اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایلیمینٹر ون میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 12 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے اور اب دوسرے ایلیمینیٹر میچ میں لاہور قلندرز کے مدمقابل آئے گی۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ کپتان بابراعظم نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب 23، حسیب اللہ خان 15، محمد حارث 34، ٹام کوہلر کیڈمور 16 اور عظمت اللہ عمرزئی 10 رنز بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 40 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فضل حق فاروقی، فہیم اشرف، حسن علی اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز اور صہیب مقصود نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک وقت میں ایسا لگا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم یہ میچ باآسانی جیت جائے گی تاہم پشاور زلمی کے باؤلرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے صہیب مقصود 48 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنا کر نمایاں رہے اور ایلکس ہیلز نے 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مددسے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں رحمن اللہ گرباز 10، اعظم خان 2، کولن منرو 4، فہیم اشرف 5 اور شاداب خان 26 رنز بنا سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے انتہائی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں محض 18 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عامر جمال نے 36 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد حارث، حسیب اللہ خان، ٹام کوہلر کیڈمور، جیمی نیشام، عامر جمال، عظمت اللہ عمرزئی، مجیب الرحمن، وہاب ریاض اور سلمان ارشاد شامل تھے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، رحمن اللہ گرباز، صہیب مقصود، کولن منرو، اعظم خان، فہیم اشرف، مبصر خان، حسن علی محمد وسیم جونیئر اور فضل حق فاروقی شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں