واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے ایک کثیر ملکی اتحاد بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ امریکی ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کے اوائل میں اس منصوبے کا اعلان متوقع ہے، اور کئی ممالک نے اس اتحاد میں شامل ہو کر جہازوں کی سکیورٹی دینے پر اتفاق کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا سات ممالک سے بات چیت کر رہا ہے اور ان سے آبنائے ہرمز کی حفاظت میں مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل بھی اس سلسلے میں امریکا کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
یہ منصوبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے پہلے دنیا بھر خصوصاً چین سے مدد کی اپیل کی تھی، لیکن اب تک کسی بھی ملک نے بحری جہاز بھیجنے کا اعلان نہیں کیا۔ امریکا کے اہم اقتصادی اتحادی جاپان نے بھی خطے میں بحری جہاز بھیجنے سے انکار کیا ہے۔ جاپانی حکام کے مطابق، جاپان صرف اس وقت بحری جہاز بھیجے گا جب خطے میں کشیدگی میں بڑی کمی آئے گی۔