نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بھارتی مظالم کو عالمی فورم پر بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے کچلنا چاہتا ہے۔
سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے پاکستانی مندوب نے بتایا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر 2 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نامعلوم قبریں دریافت ہوئی ہیں، جن سے ثابت ہوتا ہے کہ کشمیریوں کو اغوا کر کے ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی فوج نہ صرف لوگوں کو اغوا کرتی ہے بلکہ انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر بغیر کسی قانونی کارروائی کے قتل کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انسانی بحران ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینی چاہیے۔
پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، اور ان کے حل کے لیے تنازعات کی روک تھام اور پُرامن تصفیہ ناگزیر ہو چکا ہے۔