لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں یومِ تشکر اور معرکۂ حق و باطل کی تقریبات بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔ ان تقریبات کا مقصد افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر اظہارِ شکر اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
تقریبات کا آغاز وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے کیا، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، اعلیٰ افسران اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، اور تقریب میں قومی ترانہ پڑھا گیا۔ شہداء کے لیے دعا بھی کی گئی اور ان کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
پنجاب بھر میں عوام نے بھی بڑی تعداد میں ان تقریبات میں شرکت کی۔ نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ملک و قوم کی سلامتی، امن، اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں شامل تھیں۔ آپریشن "بنیان مرصوص" کے شہداء کے لیے قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کا انعقاد کیا گیا، جبکہ بھارتی جارحیت میں زخمی ہونے والے شہریوں اور اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔
شہداء کے مزارات پر پھول چڑھائے گئے، سرکاری و نجی عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے، اور مختلف شہروں میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خصوصی تقریبات، تقاریر، ملی نغمے اور وطن سے محبت کے اظہار پر مبنی پروگرامز منعقد کیے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو دشمن پر فتح مبارک ہو۔ انہوں نے کہا، "پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، ہم امن چاہتے ہیں لیکن اگر دشمن نے جارحیت کی تو جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص" ہماری نڈر قیادت، بہادر افواج اور متحد قوم کی طاقت کی علامت ہے، اور پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔