شہبازشریف کوکسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے:وزیراعظم ڈٹ گئے

شہبازشریف کوکسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے:وزیراعظم ڈٹ گئے
کیپشن: تصویر بشکریہ گلف نیوز

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف کوکسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے انتخاب کے معاملے پر وزیراعظم ڈٹ گئے اور کہا کہ کرپشن الزامات کاسامنا کرنے والے کو چیئرمین پی اے سی نہیں بناسکتے، شہبازشریف کوچیئرمین پی اے سی بناناملک سے مذاق ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا ہے نیب چھوٹے چھوٹے مقدمات میں الجھ چکا،جس سے کارکردگی متاثرہورہی ہے،احتساب قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عمل کریں گے، منی لانڈرنگ کےخلاف مہم کامیاب جارہی ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دبئی میں پاکستانیوں کی 15 ارب ڈالرزکی جائیداد کاسراغ لگالیا، بیرون ملک جائیداد کے انکشاف پراپوزیشن کی تنقیدبڑھ گئی، لوٹی دولت کی واپسی کیلئے مختلف ممالک سے معاہدے کررہے ہیں، سوئٹزرلینڈ اوربرطانیہ کےساتھ معاہدے ہوچکے ہیں، معاہدوں سے ملک کی لوٹی دولت واپس لانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے دورہ چین کو توقعات سے زیادہ کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ماضی میں کسی وزیراعظم کا دورہ چین اتنا کامیاب نہیں رہا، چین کی امداد سے پاکستان کی ادائیگیوں کاتوازن بہترہوگا،چین سے ہرقسم کی امداد مل رہی،تجارت وسرمایہ کاری بڑھے گی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے سیرت النبیﷺ کانفرنس بھرپورطریقے سے منعقد کی جائے گی۔