چیئرمین پی سی بی نے 7 رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا، کوئی چیئرمین نہیں ہوگا، تمام ممبران کو یکساں پاور حاصل ہوگی

چیئرمین پی سی بی نے 7 رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا، کوئی چیئرمین نہیں ہوگا، تمام ممبران کو یکساں پاور حاصل ہوگی

لاہور : چیئر مین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ 7 رکنی سلیکشن کمیٹی بنا رہے ہیں جس کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا۔ تمام لوگوں کو یکساں پاور حاصل ہوگی اور اکثریت کا جو فیصلہ ہوگا مانا جائے گا۔ 

سلیکشن کمیٹی کے 4 ارکان کے ساتھ نیوز کانفرنس میں محسن نقوی نے کہا کہ محمد یوسف، اسد شفیق ، وہاب ریاض اور عبدالرزاق کمیٹی کے چار ارکان ہیں۔ ٹیم کا کپتان اور ہیڈکوچ بھی کمیٹی کا حصہ ہوگا جبکہ ایک شخص ڈیٹا اینالسز والا ہوگا۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ بورڈکاپیسہ کرکٹ کی بہتری پرلگےگا۔ کوچز کی سلیکشن پر کام ہورہا ہے ابھی تک کوئی چیز فائنل نہیں ہوئی لیکن کوچز کی بھی ڈریم  ٹیم ہوگی۔ چیئرمین پی سی بی کی ٹیم سلیکشن میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا ہے۔ عماد وسیم سے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی اور وہ آکر کھیلے گا۔ ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں چیزیں ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔ بہتری کے لیے دیرپا اقدامات کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کپتان کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ شاہین شاہ آفریدی کپتان رہیں گے یا کوئی اور آئے گا ابھی مجھے بھی نہیں پتا تاہم کیمپ کے بعد فیصلہ ہوگا کہ کون کپتان ہوگا لیکن جو بھی ہوگا اور پکا ہوگا یہ نہیں ہوگا کہ ایک میچ یا سیریز ہار گئے تو کپتان چینج ہوجائے گا۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی انشاء اللہ پاکستان میں ہی ہوگی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ آئی سی سی وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے جو چیمپئز ٹرافی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لے گا۔