پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خبر

پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خبر
سورس: فائل فوٹو

لاہور : پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خبر ہے۔ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو سونپ دی ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق نٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 2024 سے ہونے والے 8 میگا ایونٹس کی میزبانی کرنے والے ملکوں کا اعلان کردیا ہے۔ 

آئی سی سی کے اعلان کے مطابق 2024 ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کو تفویض کی گئی ہے۔ 2025 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کرے گا، اس طرح پاکستان 1996 کے بعد آئی سی سی کے کسی میگا ایونٹ کی میزبانی کے فرائض انجام دے گا۔

اعلان کے مطابق 2026 ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کے سپرد کی گئی ہے۔ 2027 میں ہونے والے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی افریقا ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔ 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے، بھارت 2029 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ 2030 میں ہونے والا ٹی 20 ورلڈ کپ انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کی میزبانی میں ہوگا۔ 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور بنگلا دیش کے نام ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ 1996 کا ورلڈ کپ پاکستان ، بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہوا تھا، ایونٹ کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوا تھا جو سری لنکا نے جیتا تھا۔