Get Alerts

آزاد کشمیر میں سیاسی کشیدگی عروج پر، قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا

آزاد کشمیر میں سیاسی کشیدگی عروج پر، قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں سیاسی درجہ حرارت اس وقت اپنے عروج پر ہے، جب کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ اجلاس دوپہر 3 بجے شروع ہوگا، جس میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

پیپلز پارٹی نے وزیراعظم انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کر رکھی ہے، اور وزارتِ عظمیٰ کے لیے فیصل ممتاز راٹھور کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 27 ارکان کی اکثریت درکار ہے، اور ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو اس وقت 37 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ ان میں پیپلز پارٹی کے 17، فارورڈ بلاک کے 11 اور مسلم لیگ ن کے 9 ارکان شامل ہیں، جبکہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے ہر ایک کے پاس ایک نشست موجود ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 5 ہے۔

دوسری جانب، سابق وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید نے بھی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعد وزیراعظم انوارالحق کی حکومت میں شامل ارکان کی تعداد 8 رہ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کو مزید ارکان کی حمایت بھی حاصل ہو سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل کے اجلاس میں سیاسی منظر نامہ واضح ہونے کا امکان ہے، اور اس اجلاس کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔

ٹیگز: