ریاض: سعودی عرب نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر بڑھتے ہوئے حملے انتہائی افسوسناک ہیں اور ایسے حملے عالمی امن کی کوششوں کو کمزور کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی حملوں پر احتساب کے عمل کو فعال کرے، کیونکہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز اور آباد کاروں کے حملے خطے کی امن کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے حالیہ دنوں میں مزید 15 فلسطینیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کی گئی ہیں، جس کے بعد غزہ میں اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 330 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت غزہ کے مطابق، ان لاشوں میں سے صرف 92 کی شناخت ہو سکی ہے، باقی لاشیں تشدد کی شدت کی وجہ سے ناقابل شناخت ہیں۔