انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی کی دعوت کی تصدیق

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی کی دعوت کی تصدیق

لاہور: انگلش کرکٹ بورڈ نے دورے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت کی تصدیق کردی ہے ۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2021 کے شروع میں دورے کی دعوت دی ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے بات کرکے حتمی فیصلہ کریں گے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ای سی بی اپنا کردار ادا کرے گا۔ انگلش بورڈکا کہنا ہے کہ مجوزہ دورہ پاکستان سے پہلے سکیورٹی اور صحت کے معاملات دیکھنا ہوں گے۔

دوسری جانب پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلش بورڈ کو باضابطہ طور پر تین ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے خط لکھا ہے جس کے لیے جنوری میں دعوت دی گئی ہے۔وسیم خان نےکہا کہ جنوبی افریقی بورڈ کے بحران کے باوجود پاک جنوبی افریقا سیریز کو خدشہ نہیں، جنوبی افریقہ کی سکیورٹی جائزہ ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور ٹیم شیڈول کے مطابق جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی مچز شیڈول ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس دورے کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں رہیں گے اور حتمی فیصلہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ انگلینڈ کو "اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئی ہے، اور وہ یہ مقصد آگے بڑھانے میں ہر ممکن مدد کریں گے۔"

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے مطابق اس مجوزہ دورے کے سلسلے میں کووڈ 19 کی صورتحال کو خاص طور پر مدنظر رکھنا ہوگا جس میں اولین ترجیح کھلاڑیوں اور سٹاف کی صحت کی حفاظت ہوگی۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا مصروف انٹرنیشنل شیڈول بھی پیش نظر رکھنا ہوگا۔