اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی، جس میں پاک آسٹریلیا تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں کوسٹ گارڈز، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے حالیہ ناخوشگوار واقعات میں پولیس افسران اور فورسز کے افسروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی قذافی سٹیڈیم کی بحالی کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "آپ کی قیادت میں اسلام آباد کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے قابلِ ستائش ہیں اور شہر میں واضح بہتری آئی ہے۔"
نیل ہاکنز نے مزید کہا کہ "پاکستان میں میرا وقت بہت یادگار رہا، خاص طور پر لاہور میں دربار بی بی پاک دامن میری پسندیدہ جگہ ہے۔ موجودہ دور میں پاکستان کا عالمی سطح پر مقام اور وقار بڑھا ہے۔"
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی کرتا ہے اور قانونی امیگریشن کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ایسے افراد کو وطن واپس بھیجنے پر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، اور غیر قانونی انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے۔"
وزیر داخلہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت طلال چودھری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور آسٹریلوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔