لزبن : پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ہنگری کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انہوں نے دو گول اسکور کرکے یہ سنگِ میل عبور کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ورلڈکپ کوالیفائر کے اس اہم مقابلے میں پرتگال اور ہنگری کا میچ 2-2 سے برابر رہا۔ اگرچہ پرتگال کو فتح درکار تھی تاکہ وہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر سکے، تاہم اب انہیں اگلے میچز کا انتظار کرنا ہوگا۔
رونالڈو نے میچ کے 22ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے سابق گواتی مالن اسٹرائیکر کارلوس روئز کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 47 کوالیفائنگ میچز میں 39 گول کیے تھے۔ رونالڈو نے نہ صرف انہیں پیچھے چھوڑا بلکہ ایک اور گول کرتے ہوئے اپنے مجموعی کوالیفائنگ گولز کی تعداد 41 تک پہنچا دی۔
40 سالہ رونالڈو اب تک 143 بین الاقوامی گول کر چکے ہیں اور وہ اپنے فٹبال کیریئر کو کچھ مزید سال جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اپنے ایک حالیہ بیان میں انہوں نے کہا:
"میں اب بھی اچھی فارم میں ہوں، کلب اور ملک دونوں کے لیے مؤثر ہوں۔ میرا خواب ہے کہ اگلے ورلڈ کپ میں پرتگال کو فتح دلاؤں۔"
اس فہرست میں لیونل میسی تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے ارجنٹینا کے لیے 72 کوالیفائنگ میچوں میں 36 گول کیے ہیں۔
گروپ اسٹیج میں پرتگال اب تک 4 میچوں میں 10 پوائنٹس حاصل کر چکا ہے اور ہنگری سے 5 پوائنٹس کی برتری رکھتا ہے، جب کہ دونوں ٹیموں کے دو دو میچ باقی ہیں۔