لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں متوقع شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA)، انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو سروسز کو فوری طور پر پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ضلعی افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور صورت حال کا خود جائزہ لینے کی ہدایت بھی دی۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بالائی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹ کے امکانات کے پیش نظر خصوصی تیاری ضروری ہے۔
انہوں نے کوہ سلیمان کے ندی نالوں، مری، راولپنڈی، جہلم اور چکوال جیسے اضلاع میں بھی ممکنہ سیلابی ریلوں کے خطرے کے پیش نظر پیشگی انتظامات کی سخت ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحتی مقامات، خصوصاً مری اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیاحوں کی آمد پر عارضی پابندی عائد کی جائے گی تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارشوں کے خطرے کے باعث عوام، خاص طور پر سیاحوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کا حکم دیا۔ پی ڈی ایم اے کو دریاؤں اور نہروں میں پانی کی سطح میں اضافے سے قبل ہی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آبی گزرگاہوں کے قریب آباد علاقوں میں کشتیاں، لائف جیکٹس اور دیگر ضروری سامان فراہم کر دیا جائے، جبکہ دریاؤں، نہروں اور نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے تاکید کی کہ دریاؤں کے کنارے آباد افراد کی فوری منتقلی کا بندوبست کیا جائے اور پولیس ان علاقوں میں مستقل گشت کو یقینی بنائے۔ والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ بچوں کو ان خطرناک مقامات کے قریب نہ جانے دیں۔