کیلیفورنیا: یوٹیوب کو طویل عرصے سے ویڈیوز دیکھنے کے لیے دنیا کے مقبول ترین پلیٹ فارمز میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں صارفین بڑی تعداد میں طویل دورانیے کی ویڈیوز دیکھتے ہیں۔ تاہم 2020 میں یوٹیوب نے ٹک ٹاک کے طرز پر مختصر ویڈیوز کا فیچر متعارف کرایا، جسے "شارٹس" کا نام دیا گیا۔
مختصر ویڈیوز اگرچہ بہت سے صارفین کی پسند بن چکی ہیں، لیکن ہر شخص اس فارمیٹ کو ترجیح نہیں دیتا۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ شارٹس مسلسل دیکھنے کی عادت وقت کے ضیاع کا باعث بن سکتی ہے کیونکہ ایک ویڈیو کے بعد دوسری ویڈیو خود بخود سامنے آتی رہتی ہے اور اسکرولنگ روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔
یوٹیوب نے شارٹس کو مکمل طور پر بند کرنے کے لیے کوئی الگ بٹن فراہم نہیں کیا، تاہم صارفین اپنی فیڈ کو محدود کرتے ہوئے شارٹس کی نمائش کم کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت یوٹیوب کی "ٹائم مینجمنٹ" سیٹنگز میں موجود ہے، جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں ڈیوائسز پر دستیاب ہے۔
شارٹس کو محدود کرنے کے لیے صارفین کو سب سے پہلے یوٹیوب ایپ کھول کر نیچے موجود "You" ٹیب پر جانا ہوگا۔ اس کے بعد اوپر دیے گئے گیئر آئیکون کے ذریعے سیٹنگز کھولیں اور "Time Management" کے آپشن میں جائیں۔
یہاں موجود "Shorts Feed Limit" کو فعال کرکے وقت کی حد صفر منٹ مقرر کر دیں۔ اس عمل کے بعد ہوم فیڈ پر ویڈیوز اسکرول کرتے وقت شارٹس سیکشن نظر نہیں آئے گا۔
تاہم یوٹیوب کے نچلے مینیو میں موجود شارٹس کا ٹیب ختم نہیں ہوگا۔ اگر صارف "Ignore limit for today" کے آپشن کا انتخاب کرے گا تو ہی مختصر ویڈیوز دوبارہ دیکھی جا سکیں گی۔
واضح رہے کہ یوٹیوب کی یہ سہولت فی الحال صرف موبائل ایپ میں دستیاب ہے جبکہ ڈیسک ٹاپ ورژن میں شارٹس کو محدود کرنے کا آپشن موجود نہیں۔