بھارت میں مقامی سطح پر تیار کی گئی ویکسین عوام کو لگانے کی مہم شروع  

Launch of locally developed vaccine campaign in India
کیپشن: فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارت نے مقامی سطح پر تیار کی گئی وبائی ویکسین عوام کو لگانے کی مہم شروع کر دی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملک میں ویکسینیشن کی مہم کا آغاز کیا۔

انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ وبائی مرض کے سدباب کیلئے مقامی سطح پر تیار کی گئی اس ویکسین کو سب سے پہلے طبی عملے اور بعد ازاں بزرگ افراد کو لگایا جائے گا۔ یہ تمام عمل صرف ایک ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب ماہرین کی جانب سے جلد بازی میں مقامی ویکسین کی منظوری دینے پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 15 ہزار 158 کیس سامنے آئے جبکہ 175 اموات رپورٹ ہوئیں۔

بھارتی حکومت کی جانب سے جاری اس اقدام کو دنیا بھر میں سب سے بڑی مہم قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت ایک ارب سے زائد شہریوں کو صرف ایک مہینے کے اندر اندر عالمی وبا سے بچاؤ کی دوا کے ٹیکے لگا دیئے جائیں گے۔ خیال رہے کہ بھارت دنیا بھر میں امریکا کے بعد عالمی وبا سے متاثر ہونے والا ملک ہے۔ 

شہریوں کو وبائی مرض کے حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی بھی مدد لی جائے گی، اس سلسلے میں ایک خصوصی ایپ بھی تیار کی جا چکی ہے، جس میں تمام شہریوں کا ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا۔ انڈیا کے طبی ماہرین کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ویکسی نیشن کے موقع پر حکومت کا بھرپور ساتھ دیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔