Get Alerts

ایران میں ہلاکتوں کے پیچھے ٹرمپ براہِ راست ملوث:خامنہ ای کا دعویٰ

ایران میں ہلاکتوں کے پیچھے ٹرمپ براہِ راست ملوث:خامنہ ای کا دعویٰ

تہران :ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ حالیہ مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتوں اور مالی نقصان کے اصل ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق خامنہ ای نے الزام لگایا کہ ٹرمپ نے ایرانی عوام کو اکسانے، ملک میں بدامنی پیدا کرنے اور سوشل میڈیا کے ذریعے تشدد کو بڑھاوا دینے میں براہِ راست کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق یہ مظاہرے عوامی تحریک نہیں بلکہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی منصوبہ بند سازش تھے، جس کا مقصد ایران میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔

سپریم لیڈر نے کہا کہ دشمن قوتیں اقتصادی مشکلات کو بہانہ بنا کر نظام کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہیں۔ ان کے بیان کے مطابق حالیہ ایران مخالف احتجاجات اس لحاظ سے مختلف تھے کہ اس میں امریکی صدر ذاتی طور پر ملوث تھے۔

بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق دسمبر کے آخر سے شروع ہونے والے احتجاجات میں تقریباً 2,500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد مواقع پر ایرانی مظاہرین کی حمایت کا اظہار کیا اور ایران کو خبردار کیا کہ گرفتار مظاہرین کو سزائے موت دینے کی صورت میں امریکا کارروائی کر سکتا ہے۔ تاہم بعد میں انہوں نے کہا کہ ایران نے سزاؤں پر عمل درآمد روک دیا ہے، اس لیے فی الحال کوئی فوجی کارروائی نہیں کی جا رہی۔

ٹیگز: