اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران برطانوی نائب وزیر خارجہ نے امریکہ ایران مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن کے خاتمے، ادارہ جاتی تعاون اور پولیس ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کو پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔