اسلام آباد/لندن: ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے وزارت خارجہ کی سطح پر باضابطہ مذاکرات کا میکنزم قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے تحت باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا جبکہ اعلیٰ سطحی روابط کا سلسلہ بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے برطانوی ہم منصب کو خطے میں پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں سے آگاہ کیا، جبکہ ایڈ ملی بینڈ نے پاکستان کے تعمیری کردار اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی قانون اور معاہدوں کی پاسداری یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے افغان سرزمین سے پیدا ہونے والے دہشتگرد خطرات پر بھی برطانیہ کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا گیا، جبکہ عوامی سطح پر روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔