لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالفطر کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کے لیے تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مراسلے کے مطابق نمازِ عید کے دوران عبادت گاہوں پر تین سطحی سکیورٹی، اضافی پولیس اہلکار اور ایک مرکزی داخلی دروازہ رکھا جائے گا۔
اہم اقدامات میں واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹر کے ذریعے تلاشی، خصوصی پکٹس پر سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی، خواتین نمازیوں کے لیے لیڈی پولیس کی تعیناتی اور سپیشل برانچ و بم ڈسپوزل سکوارڈ کی مدد شامل ہے۔ عبادت گاہوں کے اردگرد موثر کومبنگ آپریشنز، پارکنگ ایریاز کی حفاظت اور ٹریفک پلان بھی مرتب کیا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ مساجد، امام بارگاہوں، عید بازاروں، ہوٹلز اور عوامی مقامات پر سکیورٹی خصوصی توجہ سے یقینی بنائی جائے، کالعدم اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر کڑی نگرانی ہو، اور کسی بھی قابل اعتراض تقریر یا لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر فوری کارروائی کی جائے۔
پنجاب بھر میں آتشیں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی، تمام شہروں اور بین الصوبائی راستوں پر حفاظتی چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی اور عید کے دوران تفریحی مقامات کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ ممتاز مذہبی و سیاسی رہنماؤں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت ہائی الرٹ رہیں، اور تمام اضلاع کو سکیورٹی پلان تیار کر کے محکمہ داخلہ سے شیئر کرنا ہوگا۔ اضلاع میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے اور کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او، آر پی او اور ڈی پی اوز پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔