حیران کن اختتام والی چند فلمیں

حیران کن اختتام والی چند فلمیں

ہالی ووڈ:فلمیں دیکھنے کے شوقین افراد کو اچھی طرح معلوم ہے کہ فلم کا کلائیمکس ہی فلم کو اچھا یا برا ہونے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ چلیں آئیے آپ کو چند ایسی فلموں کے بارے میں بتاتے ہیں، جن کے اختتام نے بہت شہرت حاصل کی اور اگر ہم بہترین اختتام والی فلمیں ایک جگہ اکٹھی کریں تو ہر فہرست میں یہ ضرور مقام حاصل کریں گی:

The Sixth Sense


اسے اچھا کہیں یا برا لیکن ڈائریکٹر نائب شیاملن اس فلم کے اختتام کے ساتھ "سرپرائز" کے بادشاہ بن گئے تھے۔ آخر میں معلوم ہوا کہ میلکم کرو درحقیقت ان مردہ افراد میں سے ایک تھا، جنہیں کول دیکھتا تھا۔

One Flew Over the Cuckoo’s Nest


جیک نکلسن کے بہترین کاموں میں سے ایک، فلم میں میک مرفی کا انجام تو افسوسناک ہوتا ہے لیکن یہ دوسروں کو متاثر ضرور کرتا ہے۔ اس کا باغیانہ رویہ چیف میں بھی حلول کر جاتا ہے جو بالآخر اپنی تمام طاقتیں مجتمع کرکے پاگل خانے سے بھاگ نکلتا ہے۔

Psycho


جب یہ انکشاف ہو جاتا ہے کہ نورمن بیٹس ہی دراصل اپنی ماں کے لباس میں لوگوں کو قتل کرتا ہے، ہدایت کار الفریڈ ہچکاک بیٹس کو جیل میں دکھاتے ہیں جبکہ اس کی ماں کی آواز قتل کے خلاف احتجاج کرتی سنائی دیتی ہے۔ غور سے دیکھیں تو نورمن کی ماں کی کھوپڑی نظر آتی ہے جس کے ساتھ ہی منظر تبدیل ہوتا ہے اور ماریئن کی گاڑی بیٹس موٹل کے قریب موجود دلدل سے نکالی جاتی ہے۔

The Shawshank Redemption


شاشینک جیل سے فرار ہونے والا تاریخ کا پہلا قیدی بننے کے بعد اینڈی ڈفرین اپنے دوست ریڈ کو پیغام بھیجتا ہے کہ پیرول پر رہائی پانے کے بعد اس سے کیسے ملا جا سکتا ہے۔ پھر ایک ساحل کے کنارے پر دونوں ملتے ہیں، آزاد حیثیت سے!

The Godfather


تمام مخالف مافیا خاندانوں کو ضرب لگانے کے بعد مائیکل کورلیونی کا سامنا اپنی بیوی کے سے ہوتا ہے جو غداری کرنے والے بہنوئی کارلو کی موت کے بارے میں سوال پوچھتی ہے۔ مائیکل آخر میں اسے یقین دلاتا ہے کہ اس کا کارلو کے قتل سے کوئی تعلق نہیں۔ پھر ہم دیکھتے ہیں کہ خاندان کا ایک فرد "ڈان کورلیونی" کے نام سے مائیکل کا خیرمقدم کرتا ہے اور دروازہ بند ہو جاتا ہے۔


2001: A Space Odyssey
اسٹینلی کیوبرک کی اس فلم کا اختتام ایک تکنیکی فن پارہ ہے۔ ڈیوڈ بومین سنگی دیوار میں چلا جاتا ہے جہاں وہ ایک رنگین بھنور میں سے گزرتا ہے اور اپنا بڑھاپا دیکھتا ہے یہاں تک کہ بچے کے روپ میں ایک تارا بن جاتا ہے۔ آئی سمجھ میں؟

Seven


ڈیوڈ فنچر کی "سیون" میں ایک حیران کن موڑ فلم کو ایک سنسنی خیز اختتام تک پہنچاتا ہے۔ بالآخر جان ڈو کو گرفتار کرنے کے بعد ملز اور سمرسیٹ اسے لے کر ایک کھلے مقام پر آتے ہیں جہاں ایک ڈبہ بھیجا جاتا ہے۔ اس ڈبے میں کیا ہے، وہ ایک ناقابل یقین دھچکا ہے اور بالآخر آخری گناہ کی تکمیل کا سبب بنتا ہے یعنی غضب۔

The Usual Suspects


فلمی تاریخ کے حیران کن ترین اختتامیوں میں سے ایک، پونے دو گھنٹے کی فلم کے آخری چند منٹ میں انکشاف ہوتا ہے کہ دراصل زیر تفتیش وربل کنٹ ہی وہ افسانوی مجرم قیصر سوزے ہے۔ حیرت کے جو پہاڑ اس اختتام پر ناظرین کے سر پر ٹوٹتے ہیں، وہ شاید ہی کسی اور فلم میں ہوا ہو۔