بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے

بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے ۔ جہاں اتوار دوپہر کو پولو گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان  کے بیان کے مطابق گلگت پہنچنے پر گلگت  بلتستان کے پارٹی کے صوبائی صدراور بڑی تعداد میں کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ گلگت شہر کو پیپلزپارٹی کے پرچموں اور چیئرمین بلاول بھٹو کی تصاویر سے سجا دیا گیا ہے اور گلگت میں جشن کا سماں ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی گلگت میں قیام کے دوران تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ استور، گھانچی اور اسکردو سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پیپلزپارٹی  نے گلگت  بلتستان کو  جو حقوق دئیے تھے اب  وہ چھین لئے گئے ہیں مگر پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی گلگت  بلتستان کے عوام کے ساتھ ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی جلسے سے خطاب میں گلگت  بلتستان کے حقوق کی جدوجہد میں ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔