Get Alerts

پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز 36 ووٹ لے کر وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز 36 ووٹ لے کر وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

مظفر آباد: آزاد کشمیر اسمبلی میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، اور راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو نیا وزیراعظم منتخب کر لیا گیا۔

 تحریک عدم اعتماد کا اجلاس اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں فیصل ممتاز راٹھور کو قائد ایوان کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے، جب کہ 2 ووٹ مخالفت میں آئے۔ اس تحریک کو سردار جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید اور دیگر ارکان نے پیش کیا تھا۔

چوہدری انوارالحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ "یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک شخص تمام مسائل اور آئینی و انتظامی خرابیوں کا ذمہ دار ہو؟ کیا میری کابینہ کے وزیروں کی کوئی ذمہ داری نہیں؟" انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ آج اس ایوان میں اپنی باتیں ریکارڈ پر لانے کے لیے آئے ہیں اور اس ایوان کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں جس نے انہیں یہ مقام دیا۔

چوہدری انوارالحق نے مزید کہا کہ "آج میں سرخرو ہو کر جا رہا ہوں، اور میں نے ہمیشہ کہا کہ میری موجودگی میں کشمیر کی تقسیم کا کوئی فارمولہ نہیں ہو سکتا۔ اگر میں مہاجرین کی نشستوں کو ختم کرنے پر دستخط کرتا تو یہ میری سیاسی موت ہوتی۔"

رائے شماری کے بعد نئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، اور چوہدری انوارالحق اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

چوہدری انوارالحق نے تحریک عدم اعتماد کے بعد مظفرآباد روانگی سے قبل کشمیر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "آج کا دن آزادی کا دن ہے اور میں اللہ کا شکر گزار ہوں۔" انہوں نے نئے وزیراعظم اور وزیروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ ان کو کامیاب کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ چھ ماہ پہلے ہی استعفیٰ دینے کا ارادہ رکھتے تھے، اور انہیں ڈھائی سال تک خدمت کا موقع ملا۔

ٹیگز: