اسلام آباد: پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے آزاد کشمیر میں سیاسی اعتماد بحال کیا اور مشکل حالات میں ریاستی مفاد کو سیاسی مفاد پر ترجیح دی۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پرامن انتخابات کرائے گئے اور موجودہ سیاسی نظام کو کشمیری عوام کی حمایت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحران کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وفاق سے تعلقات بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم مطلوبہ وفاقی تعاون نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقبولیت کے بجائے ریاست کو مقدم رکھا اور احتجاج کے محور بننے والے معاملات حل کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کے باوجود پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر میں 14 نشستیں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پراپرٹی ٹیکس کم کیا جبکہ آزاد کشمیر میں 3 میڈیکل کالجز بھی دیے گئے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حلقے میں دانش اسکول دینے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی 7 ماہ کی حکومت کے دوران سیاحت، زراعت اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ریاست کے بجائے سیاست کو ترجیح دی اور آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی کوششیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں بحرانوں کے خاتمے اور ریاستی معاملات کو بہتر بنانے کی کوشش کی، جس پر ان کا ضمیر مطمئن ہے۔