وزیر اعظم جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرکوبھرپورطریقے سے اجاگرکرینگے، فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرکوبھرپورطریقے سے اجاگرکرینگے، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: GoP Twitter Account

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا ایک نکاتی ا یجنڈا’’مسئلہ کشمیر‘‘کو اجاگر کرنا ہے، کابینہ میں مریم نواز کے بارے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق، مشیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کشمیریوں کے سفیربن کرامریکا جا رہے ہیں، جنرل اسمبلی خطاب میں مسئلہ کشمیرکوبھرپورطریقے سے اجاگرکرینگے۔

 

مشیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا کے شفاف کردار کو فروغ دیا جائے،’’خصوصی میڈیا ٹربیونلز‘‘قائم کیے جائیں، ٹربیونلزکا مقصد میڈیا سے متعلق شکایات کا جلد ازالہ کرنا ہے۔ خصوصی میڈیا ٹربیونل شکایات کا 90 دن میں فیصلہ کرنے کے پابند ہونگے جس کی سرپرستی اعلیٰ عدلیہ کرے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ ہماری رائے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مریم نوازسزا یافتہ ہیں۔وہ  کسی عہدے کے لیے اہل نہیں ہیں۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدارت سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کریں گے۔