لاہور : پنجاب حکومت نے جی ایچ کیو حملے اور 9 مئی کے دیگر مقدمات کا جیل میں ٹرائل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق ان مقدمات کی سماعت اب راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں ہو گی، نہ کہ اڈیالہ جیل میں۔
ذرائع کے مطابق، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا، جبکہ دیگر ملزمان عدالت میں موجود ہوں گے۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے بتایا کہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت آج ہونا تھی، لیکن تمام کیسز کی کارروائی یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
فیصل ملک کا کہنا تھا کہ عدالت نے آگاہ کیا ہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس اب جیل سے واپس اے ٹی سی راولپنڈی منتقل ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عدالت سے باضابطہ درخواست کریں گے کہ عمران خان کو بذات خود عدالت میں پیش کیا جائے، اور ہم پنجاب حکومت کے ایسے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں جو عدالت میں حاضری کو محدود کرے۔