کراچی: گزشتہ روز ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 2,400 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 3 لاکھ 88 ہزار 600 روپے پر پہنچ گئی۔ اس سے قبل منگل کو قیمت 3 لاکھ 91 ہزار روپے تھی۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں بھی 2,058 روپے کی کمی ہوئی، جو اب 3 لاکھ 33 ہزار 161 روپے ہو گئی ہے، جبکہ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت میں 1,887 روپے کی کمی ہوئی اور یہ 3 لاکھ 5 ہزار 408 روپے پر آ گئی، جو منگل کو 3 لاکھ 7 ہزار 295 روپے تھی۔
بین الاقوامی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس قیمت 24 ڈالر گھٹ کر 3,668 ڈالر رہی، جو ایک روز قبل 3,692 ڈالر تھی۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا۔ 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 109 روپے کم ہو کر 4,387 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 93 روپے کی کمی کے ساتھ 3,761 روپے رہ گئی۔ عالمی منڈی میں بھی چاندی کی قیمت میں 1.09 ڈالر کی کمی واقع ہوئی اور یہ 41.60 ڈالر فی اونس پر آگئی، جو منگل کو 42.69 ڈالر تھی۔