Get Alerts

ہیوسٹن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کا 79واں یومِ آزادی پر شاندار جشن، “اے سی ٹی پاکستان 2025” کا انعقاد

ہیوسٹن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کا 79واں یومِ آزادی پر شاندار جشن، “اے سی ٹی پاکستان 2025” کا انعقاد

ہیوسٹن:  امریکی شہر ہیوسٹن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ’’اے سی ٹی (آرٹس، کلچر، ٹیسٹ) پاکستان 2025‘‘ کے تحت ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد کی، جس میں ٹیکساس اور امریکا کے دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد پاکستان کی آزادی، ثقافت، اور قومی جذبے کو اجاگر کرنا تھا، جہاں ’’معرکۂ حق‘‘ کے جذبے کو بھی بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔ پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے، جنہوں نے یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور ملکی خودمختاری، دفاعی طاقت، اور اقتصادی ترقی پر زور دیا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان کا مضبوط دفاع تب ہی ممکن ہے جب ملک اقتصادی طور پر مستحکم ہو۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اقتصادی بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے ملک کی بہتر درجہ بندی معاشی بحالی کا ثبوت ہے۔ سفیر نے پاک امریکا تعلقات کو مضبوط اور مثبت قرار دیتے ہوئے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

ہیوسٹن کے میئر جان وٹمائر کی جانب سے 14 اگست کو ٹیکساس میں ’’یوم پاکستان‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان بھی پڑھ کر سنایا گیا، جس سے تقریب کی اہمیت میں اضافہ ہوا۔

تقریب میں معروف گلوکار تحسین جاوید کے کنسرٹ، پاکستانی ثقافتی ملبوسات کا شو، تاریخ و ترقی پر مبنی ڈاکیومنٹری، بچوں کے رنگا رنگ پینٹنگ سیشنز، جھولے اور فیملی انٹرٹینمنٹ شامل تھے۔ پاکستانی آموں کا سٹال شرکاء میں بے حد مقبول رہا جبکہ ترکش ایئرلائنز کی جانب سے منعقدہ لکی ڈرا میں دو خوش نصیب شرکاء کو عالمی سطح پر سفر کے انعامات دیے گئے۔

ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل محمد آفتاب چودھری اور کمیونٹی رہنماؤں نے ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں سفارتی، کاروباری، اور کمیونٹی حلقوں کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس نے پاکستانی کمیونٹی کی اتحاد اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ 

ٹیگز: