Get Alerts

بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات مسترد، پاکستان کا سخت ردعمل

بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات مسترد، پاکستان کا سخت ردعمل

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے بھارت میں بعض گرفتاریوں کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم کا حصہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت اپنے داخلی سکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے اور محدود سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم اور اختلافِ رائے کو دبانے کا سلسلہ جاری ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت بیرونِ ملک دہشت گردی برآمد کرنے اور دہشت گرد عناصر کی معاونت میں ملوث ہے۔ ان کے بقول پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بیرونِ ملک تخریبی سرگرمیوں سے نہیں ہٹا سکتے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد عالمی سطح پر متعدد بار پیش کرچکا ہے۔ دفتر خارجہ نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کو اپنی داخلی سلامتی کے مسائل کا سامنا کرنے کے بجائے پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم سے گریز کرنا چاہیے۔

ٹیگز: